اُڈپی:27/ جولائی(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کے اعلامیہ کے مطابق اڈپی ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اناّ ملائی کو چکمنگلور تبادلہ کیا گیا ہے جبکہ ضلع گدگ کے ایس پی مسٹر کے ٹی بالا کرشنا کو ان کی جگہ پر اڈپی ضلع کا سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مقرر کیا گیاہے۔ مسٹر بالا کرشنا 2006 بیاچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ خیال رہے کہ بالا کرشنا ضلع اُترکنڑا میں بھی ایس پی کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
تبادلہ پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے مسٹر اناّملائی نے بتایا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے اڈپی ضلع میں خدمات انجام دی ہیں اور لوگوں کا دل جیتا ہے۔اور اب جو نئی پوسٹنگ ہوئی ہے وہ بس ایک پڑوسی ضلع میں منتقل ہونا ہے۔ خیال رہے کہ اپنے آئی پی ایس کورس کے ساتھ وہ اب تک چکمگلورو، جنوبی کینرا ، اڈپی، شمالی کینرا اور کارکلا ڈیویژن میں پہلے ہی خدمات انجام دے چکے ہیں اور اب پھر سے چکمگلورو میں ان کے ٹرانسفر سے ان کی خدمات کا دائرہ تا حال مغربی گھاٹ کے علاقوں میں ہی سمٹا ہوا ہے۔اس کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے بس ایک زوردار قہقہہ لگاتے ہوئے کسی قسم کے تبصرے سے گریز کیا۔
اناملائی گذشتہ ڈیڑھ سال سے اُڈپی ضلع ایس پی کے طور پر بہترین خدمات انجام دیتے ہوئے عوامی سطح پر کافی مقبولیت حاصل کی ہے۔ سال 2011کے آئی پی ایس بیچ کے اناملئی اُڈپی ضلع کے کارکلا میں ڈیڑھ سال تک پروبیشنری اے ایس پی کے طورپر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ یکم جنوری 2015کو انہیں اُڈپی ضلع ایس پی کے عہدے پر تقرر کیا گیا تھا۔ 6ماہ پہلے جب اناملئی کے تبادلہ کی خبر اڑی تو ضلع بھر کے طلبا اور عوام نے تبادلہ کی مخالفت میں سخت احتجاج کیا تھا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سنتوش بابو کے ٹرانسفر کو چکمگلورو کے ڈپٹی سپرنٹندنٹ آف پولیس کلّپا ہندی باگ کی خود کشی سے جوڑ کر دیکھا جارہاہے۔جو کہ ڈی ایس پی سطح کے کسی افسر کی جانب سے کیا جانا والا اولین انتہائی اقدام تھا اور یہ واقعہ سدارامیا حکومت کے لئے بڑا سردرد بنا ہوا ہے۔